وزیر اعلیٰ کا سرکاری دفاتر کا دورہ، افسران کی غیرحاضری پر برہمی

Syed Qaim Ali Shah

Syed Qaim Ali Shah

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے عید کی چھٹیوں کے بعد سرکاری ملازموں کی دفاتر میں غیر حاضری سے متعلق میڈیا کی رپورٹس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے جمعہ کی صبح نیو سندھ سیکریٹریٹ، تغلق ہاؤس، محکمہ خزانہ و دیگر دفاترکا اچانک دورہ کر کے سیکریٹریٹ کے افسران وعملے کی حاضری چیک کی۔

وزیراعلیٰ نے افسران وعملے کی غیر حاضری پر سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن کو ملازمین کی غیر حاضری سے متعلق انکوائری کر کے آئندہ پیر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی، انھوں نے کہا کہ افسران وعملے کی غیر حاضری کے سبب نا صرف سرکاری کام متاثر ہو رہا ہے بلکہ دور دراز کے علاقوں سے آنے والے لوگوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

دفاتر کے دورے پر وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹر ی منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکریٹری تعلیم و خواندگی سے بریفنگ لی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا کہ غیرحاضر اساتذہ، عملے اور طلبا کی غیر حاضری کی نشاندہی کے لیے کال سینٹر قائم کیا جارہا ہے۔