کراچی (جیوڈیسک) کراچی کی عدالت نے وزیر اعلیٰ ہائوس کے باہر کچرا پھیکنے کے کیس کی سماعت سرکاری وکیل کی عدم حاضری کے باعث 21 اپریل تک ملتوی کردی گئی ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ سائوتھ کی عدالت میں وزیر اعلیٰ ہائوس کے باہر کچرا پھینکنے کے کیس کی سماعت ہوئی ۔ کیس کے ملزم فکس اٹ کے عالمگیر خان اور ان کے وکلا سماعت میں موجود تھے ۔ گواہ اے ایس آئی لیاقت عدالت میں تاخیر سے پہنچے جبکہ پراسیکیوٹر نہیں پہنچے ۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ سماعت ملتوی کی جائے ۔ عالمگیر کے وکلا نے کہا کہ کیس پراپرٹی نہیں ہے سماعت ملتوی کی جائے ۔
عدالت نے پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی کے باعث سماعت 21 اپریل تک ملتوی کردی ۔ سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عالمگیر کا کہنا تھا کہ فکس اٹ مہم کا مقصد حکمرانوں کو خواب خرگوش سے جگانا تھا ۔ مجھے خوشی کہ میری مہم کے بعد شہر میں کے ایم سی کی گاڑیاں فعال نظر آرہی ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے اب تک ہیٹ سٹروک سے بچائو کے اقدامات نہیں کئے ۔ موسم کی بہتری اور شجر کاری کے لئے احتجاجی مہم چلائیں گے ۔