پشاور (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف تحریک عدم اعتماد موخر کردی تاہم تحریک پیش کرنے کا مقصد حاصل ہو گیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا مقصد اسمبلی کو تحلیل کرنے سے بچانا تھا اور اس میں ہم کامیاب ہو گئے اوراسی وجہ سے پرویزخٹک کے خلاف تحریک عدم اعتماد موخر کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک مشاورت سے پیش کی گئی جسے واپس لینے کا فیصلہ بھی مشاورت سے کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دور دور تک کوئی ترقیاتی کام نظر نہیں آرہا، صوبے کے وسائل عوام پر خرچ نہیں کیے جارہے بلکہ ان وسائل کا دھرنوں میں استعمال کیا جارہا ہے۔