لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے 16 ویں یوم تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ 28 مئی پاکستان کی سیاسی اور دفاعی تاریخ کا انتہائی اہم ترین دن ہے۔
اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے تمام دباوٴ کے باوجود ایٹمی دھماکے کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ 28 مئی کے تاریخی کارنامہ سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا،28 مئی قومی امنگو کا ترجمان اور ملی یکجہتی کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی وطن عزیز کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،مسلم لیگ ن نے ایٹمی قوت بنا کر پاکستان کو اسلام کا ناقابل تسخیر قلعہ بنا دیا ہے اور یہ برتری انشاء اللہ ہمیشہ برقرار رہے گی۔