وزیر اعلیٰ پنجاب کا ڈینگی سے متاثر مریضوں کا مفت علاج کرنے کا حکم

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پرائیویٹ ہسپتالوں میں زیر علاج ڈینگی کے مریضوں کا مفت علاج معالجہ کرانے کا حکم دے دیا۔ کہتے ہیں انسداد ڈینگی انتظامات میں غفلت پر کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کے اقدامات کا جائزہ لینے سے متعلق لاہور میں اعلٰی سطح کا اجلاس بلایا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری، سیکرٹری صاحبان، کمشنر لاہور ڈویژن، متعلقہ حکام اور ماہرین نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

منتخب نمائندے اور سیکرٹری صاحبان روزانہ کی بنیاد پر انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈ میں جائیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دس کروڑ روپے کے اخراجات سے ڈاکٹرز، نرسز، میڈیکل سٹاف کو بیرون ملک تربیت دلائی۔ انہوں نے کہا کہ ہائی رسک یونین کونسلز میں فوگنگ اور سپرے کا عمل جاری رکھا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے مجالس کے مقامات پر سپرے کی ہدایت کی جبکہ راولپنڈی میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی بھرتیاں نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور انکوائری کا حکم دیا۔