قصور (محمد عمران سلفی سے) وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پر مشینی کاشت کے فروغ کیلئے زرعی آلات کی فراہمی کے پروگرام کے تحت محکمہ زراعت اور واٹر مینجمنٹ قصور کے زیر اہتمام گزشتہ روز ضلع کونسل ہال میں کاشتکاروں میں 36 لیزر لینڈ لیولرز بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد، ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس ڈاکٹر ظفر اقبال شاکر ، ڈسٹرکٹ آفیسر واٹر مینجمنٹ تجمل حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل واٹر مینجمنٹ لاہور عامر شہزاد ،ڈی او لائیو سٹاک خالد بشیر محکمہ کے دیگر افسران اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ضلع بھر میں کاشتکاروں کی طرف سے دی گئیں 140 درخواستوں کی قرعہ اندازی ہوئی اور پنجاب حکومت کے تحصیل وائز رقبہ کے حساب سے مقرر کردہ کوٹہ کے تحت تحصیل قصور میں 12’تحصیل کوٹ رادھا کشن میں 5 ‘تحصیل چونیاں میں 11 اور تحصیل پتوکی میں 8 جبکہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 36 کاشتکاروں کو بذریعہ قرعہ اندازی لیزر یونٹس دیئے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پانی کا زراعت میں مقام بہت اہمیت کا حامل ہے اگر پانی نہ ہوتا تو زراعت کا پہیہ کبھی بھی گردش نہ کرتا ۔پانی کی بڑھتی ہوئی کمی اور اسکے بے دریغ استعمال اور فی ایکٹر پیدوار بڑھانے کو مد نظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے بہتر نظام آبپاشی کی کاشتکاروں میں ترویج و ترقی کیلئے ایک جامع پروگرام کا آغاز کر رکھا ہے۔
حکومت کسان بھائیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان مسائل کے حل کیلئے مناسب اقدامات کر رہی ہے اسی سلسلے میں زمین سے زیادہ پیدوار حاصل کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے رعایتی نرخوں پر جسے 2لاکھ 25ہزار روپے سے بڑھا کر اب 4لاکھ 50ہزار روپے فی یونٹ سبسڈی کے ذریعے جدید آلات دے رہی ہے ۔ان آلات کے استعمال سے کاشتکار کم محنت سے زیادہ پیدوار حاصل کر سکتے ہیں۔قبل ازیں اس سے قبل ہونیوالی قرعہ اندازی میں کامیاب ہونیوالے کسانوں کو الاٹمنٹ لیٹرز بھی دیئے گئے۔