وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف عنقریب وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا افتتاح کرینگے۔ ہسپتال میں ڈپٹی میڈیکل سپر انٹنڈنٹ اور سینئر رجسٹرار سمیت میڈیکل آفیسرز اور لیڈی میڈیکل آفیسر کی تعیناتی ہو گئی۔ ڈاکٹروں کے کمرے طبی آلات سے آراستہ کر دیئے گئے۔ 15 گارڈ بھی تعینات۔ ایمرجینسی آلات کی تنصیب جاری۔ تفصیلات کے مطابق وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈاکٹر قاضی غلام مرتضیٰ کو ڈپٹی سپرانٹنڈنٹ اور فیصل آباد کارڈیالوجی سے ڈاکٹر ناظم کو سینئر رجسٹرار تعینات کیا گیا ہے جنہوں نے چارج سنبھال لیا ہے۔
دو میڈیکل آفیسر زڈاکٹر زاہد ہاشمی کو لاہور کارڈیالوجی سے ، ڈاکٹر ابوبکر کو اسلام آباد کارڈیالوجی سنٹر سے وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں تعینات کر دیا گیا ہے ۔ایک لیڈی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر انزاء کو بھی تعینات کیا گیا ہے لیکن انہوں نے ابھی رپورٹ نہیں کی ہے۔ سینئر رجسٹرار اور میڈیکل افسران کے کمروں کو ضروری آلات سے لیس کیا جا چکا ہے اور ڈاکٹروں نے جزوی طور پر کام بھی شروع کر دیا ہے۔
ہسپتال کی سیکیورٹی کے لئے پرائیویٹ طور پر 15 گارڈ بھی بھرتی کئے جا چکے ہیں۔نئے ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر قاضی غلام مرتضیٰ نے بتایا کہ جو مشینری سیکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے لاہور بھیج دی گئی تھی اسے واپس لایا جا رہا ہے تاکہ اس کی تنصیب ہو سکے کیونکہ اب ہسپتال کی سیکیورٹی کا نظام بہتر ہو گیا ہے۔جلد ہی ہسپتال میں ادویات کی فراہمی بھی شروع ہو جائے گی۔ کارڈیالوجی سنٹر کے کمروں میں ایمرجینسی آلات کی تنصیب شروع کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ سوئی گیس نے گیس کی فراہمی کے لئے کنکشن دینا شروع کر دیئے ہیں۔ہسپتال کے احاطہ کی بھی تزئین و آرائش شروع کر دی گئی ہے۔ کارڈیالوجی سنٹر کے افتتاح کے لئے انتظامات کو مکمل کر لئے گئے ہیں۔ عنقریب وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کرینگے۔