لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کوئی کسی کے اختیارات استعمال نہیں کررہا اور ہمیں طریقے تو سارے آتے ہیں لیکن پیار محبت سے کام کرنا چاہتے ہیں۔
لاہور کے حضوری باغ میں ’گرین اینڈ کلین پاکستان‘ مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم نے ملک میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانی ہے، یہ ایک تحریک ہے جس کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلانا ہے، پانچ سال میں 50کروڑ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے جو مکمل کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہے، 55 ارب روپے کی زمین اب تک وا گزار کرائی ہے، واگزار کرائی گئی زمینیں جس محکمے کی تھیں انہیں واپس کررہے ہیں، قبضے کی نشاندہی کریں ہم کارروائی کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھاکہ ضمنی الیکشن کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن کام کررہے ہیں، جن حلقوں میں کل الیکشنز ہوں گے وہاں دفعہ 144 نافذ ہے اور اس کی خلاف ورزی پر ایکشن لیا جائےگا۔
ڈمی وزیراعلیٰ سے متعلق سوال پر عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعلی آئینی عہدہ ہے اور میں وزیراعلیٰ ہوں، مجھے ہٹانے کا طریقہ بھی آئین میں ہے۔
اختیارات سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ نے صحافی سے ہی سوال کرڈالا اور پوچھا کہ آپ بتائیں اختیارات کس کے پاس ہیں؟ کوئی کسی کے اختیارات استعمال نہیں کررہا، ہر کوئی اپنے آئینی اختیارات استعمال کررہا ہے، آئین میں ہر کسی کے اختیارات کی واضح تشریح موجود ہے۔
فواد چوہدری کی جانب سے بیوروکریسی کو پیغام سے متعلق سوال پر عثمان بزدار نے کہا کہ ہمیں طریقے تو سارے آتے ہیں لیکن پیار محبت سے کام کرنا چاہتے ہیں۔