لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں انتقال خون کے وقت ایچ آئی وی سکریننگ لازمی قرار دی گئی، ایڈز کے مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے 10 سینٹرز کام کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ایڈز کنٹرول پروگرام کے ڈائریکٹر برائے ایشیا پیسیفک سٹیو کراس کی قیاد ت میں وفد سے ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ایڈز سے بچاؤ کے حوالے سے ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔
2010ء سے یہ پروگرام کامیابی سے چلا رہی ہے ، پنجاب حکومت اور اقوام متحدہ کے ایڈز کنٹرول پروگرام کے مابین مستقبل میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں اینٹی گریٹڈ بی ہیورل اینڈ بائی لوجیکل سرویلنس متعارف کرایا گیا ہے۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں انتقال خون کے وقت HIV سکریننگ لازمی قرار دی گئی ہے۔