وزیر اعلیٰ پنجاب کو صوبے سے زیادہ بیرونی دوروں کی فکر ہے۔ رہنما پیپلز پارٹی
Posted on May 9, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز, لاہور
لاہور: پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ پنجاب میں جنسی زیادتی کے واقعات کا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانا حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے لیکن پنجاب حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی پنجاب کا وزیر اعلیٰ صوبے سے زیادہ بیرونی دوروں میں توجہ دے رہے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب میں مجموعی طور پر ہر تین گھنٹے 40 منٹ بعد حوا کی ایک بیٹی کی آبرو لٹنے اور ہر 45 گھنٹے 38منٹ بعد ایک گینگ ریپ کا کیس رپورٹ ہونے لگا۔ 365 دنوں میں ریپ کی 222 وارداتوں کے ساتھ رحیم یار خان پہلے نمبر پر جبکہ گینگ ریپ کے 193واقعات نے لاہور کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔
افسوس ناک امر یہ ہے کہ زیادتی کے کل 2576 واقعات میں 167معصوم بچوں کو بھی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق پنجاب میں ریپ اور گینگ ریپ کے واقعات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں اور حال ہی میں پولیس کے اعلیٰ افسروں کی جانب سے حکومت کو پیش کی جانے والی رپورٹ میں یہ انکشافات کیے گئے ہیںانہوں نے مزید کہا کہ اتنی خوفناک صورت حال ہونے کے باوجود پنجاب حکومت کے حواری گڈ گورننس کا راک الاپتے نہیں تھکتے جبکہ پنجاب کا سربراہ نے بیرونی دوروں کے سوا کچھ نہیں کیا اور پنجاب کی عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com