فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اجالا پروگرام کے تحت ہونہار طالبات میں سولر انرجی لیمپ تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب کا انعقاد۔ تفصیل کے مطابق گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی سکول منصورآباد میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اجالا پروگرام کی تقریب میں سکول پرنسپل فرخ ناز اور دیگر اساتذہ نے 31طالبات میں سولر انرجی لیمپ تقسیم کئے ۔ اس موقع پر طالبات کے والدین بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل فرخ ناز نے کہا کہ سولر لیمپ کی تقسیم سے طالبات کی حوصلہ افزائی ہوگی اور ان میں امتحانات میں مزید محنت کرنے کا جذبہ پیدا ہوگا اور بہتر نتائج دینے کا رحجان بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہونہار طلباء وطالبات کو سولر لیمپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرکے اپنی تعلیم دوستی کا بہترین نمونہ پیش کیا ہے۔
اس موقع پر والدین کا کہنا تھا کہ طالبات کی بورڈ میں نمایاں کامیابی کا سہرا ان کے اساتذہ کے سر پر ہے جن کی شب و روز محنت کے باعث طالبات اس مقام پر پہنچی ہیں اور پنجاب حکومت کی جانب سے ایسی تقریبات سے ہونہار طلباء طالبات کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔