کوئٹہ (جیوڈیسک) ثناء اللہ زہری کے مستعفی ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر داخلہ اور زہری کے منحرف ساتھی سرفراز بگٹی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ اچھی خبر ہے، اگلے ہفتے میں نئی حکومت بنا لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی دوستوں کا تحریک میں ساتھ دینے پر شکرگزار ہوں، نواب ثناء اللہ زہری کے مستعفی ہونے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، خواہش ہے نواب ثناء اللہ زہری اپنی سیاست جاری رکھیں، تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد اگلے وزیر اعلیٰ کا فیصلہ کریں گے۔ سرفراز بگٹی نے یہ بھی واضح کیا کہ ضروری نہیں کہ اگلا وزیر اعلی نون لیگ سے ہو۔
سابق وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ثناء اللہ زہری نے مستعفی ہو کر اچھی روایت قائم کی، ہم مسلم لیگ نون کیساتھ ہیں اور رہیں گے لیکن اگر پارٹی نکال دے گی تو پھر اپنا آزاد گروپ بنا سکتے ہیں یا کچھ اور سوچ سکتے ہیں تاہم، فی الحال اس بارے میں کوئی بات کرنا قبل از وقت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج جمہوریت کی جیت کا دن ہے، جمہوریت کے اندر یہی طریقہ کار ہے، کیا میں آئی جی بلوچستان سے کہتا کہ انہیں ہٹایا جائے؟ آج جمہوریت کے لئے نیک دن ہے، نواب ثناء اللہ زہری سے ووٹ مانگنے ضرور جائیں گے، ان سے کوئی ذاتی رنجش نہیں ہے۔
سرفراز بگٹی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بھی وزیر اعلیٰ کے استعفیٰ کو جمہوریت کی فتح قرار دیا۔