کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن کی نگرانی میں بلدیہ کورنگی کے تحت خصوصی صفائی اور بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے حوالے سے مہم تیزی کے ساتھ جاری، شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زون میں بیک وقت جاری خصوصی صفائی مہم کے دوران سینکڑوں ٹن کچرا ،ملبہ اور مٹی کے ڈھیروں کو اُٹھا کر ٹھکانے لگا نے کے ساتھ ساتھ روشنی کے انتظامات کی بہتری اور شاہراہوں و فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمے کے حوالے سے مہم جاری ہے۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے خصوصی صفائی مہم کے جائزے کے لئے شاہ فیصل زون کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر امام بارگاہوں ،مجالس گاہوں اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنا کر عزاداران حسین کو ہر ممکن سہولت پہنچا ئی جائے دورے کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن نے شاہ فیصل کالونی نمبر5میں قائم امام بارگاہوں اور چہلم کے موقع پر برآمد ہونے جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کی اور انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر منتظمین نے عشرہ محرم الحرام کے دوران اور موجود ہ انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے عوامی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات پر تعریف کی بعد ازاں ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن نے شاہ فیصل کالونی نمبر 1 اور 2 کی شاہراہوں اور اندرونی گلیوں کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کیا اس موقع پر انہوں نے افسران کو ہدایت کی صرف خصوصی مہم کے دوران ہی نہیں مستقل بنیادوں پر صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کو علاقائی سطح پر بہتر بنا کر عوام کو بنیادی سہولیات کے حوالے سے درپیش مسائل سے نجات دلا ئی جائے۔