وزیر اعلی سندھ جشن آزادی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ

Football

Football

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی حکومت سندھ کے تعاون سے ڈسٹرکٹ سائوتھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ سندھ جشن آزادی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل۔

کلری اسٹار ،لیاری لیبر ویلفیئر سینٹر ،حیدری بلوچ اور صابر اسپورٹس کا سیمی فائنل میں انٹری۔پیپلز اسٹیڈیم پر جاری وزیر اعلیٰ سندھ جشن آزادی فٹ بال ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل مقابلے میں کلری اسٹار نے مد مقابل مضبوط حریف غریب شاہ یونین بال کلب کو 3-0سے ہرادیا۔

کلری اسٹار کے اسٹار فارورڈ کھلاڑی عبدالسلام نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی دوسری ہیٹ ٹرک بھی اپنے نام کرلی ۔دوسرے کوارٹر فائنل میں لیاری لیبر ویلفیئر سینٹر فٹ بال کلب نے ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم ینگ ہلال فٹ بال کلب کو 1-0سے شکست دیدی میچ کا فیصلہ کن گول فاتح ٹیم کے رحمن رمضان فریدی نے کیا۔

تیسرے کوارٹر فائنل میں حیدری بلوچ نے کلاکوٹ یونین کو 2-0سے زیر کردیا فاتح ٹیم کے سمیر نے دونوں گول اسکور کئے ۔چوتھے کوارٹر فائنل مقابلے میں نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل صابر اسپورٹس نے ٹورنامنٹ کی مضبوط اور فیوریٹ ٹیم لعل بخش میموریل کو 1-0سے مات دیکر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

ٹورنامنٹ کا میگا فائنل 14اگست کو کھیلا جائیگا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کھلاڑیوں میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کرینگے۔