کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی کے زیر اہتمام محکمہ کھیل سندھ اور ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے پیپلز اسٹیڈیم لیاری پر کھیلے جانے والے وزیر اعلیٰ سندھ جشن آزادی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں حیدری بلوچ نے مد مقابل لیاری لیبر ویلفیئر سینٹر کو 2-1سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ۔کھیل کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملوں کا آغاز سے کیا پہلے ہاف کے اختتام تک حیدر بلوچ کو 2-0سے برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں لیاری لیبر سینٹر نے ایک گول کرکے مقابلہ 2-1کردیا جو کہ کھیل کے اختتام تک جاری رہا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کی سفارش پر پیپلز اسٹیڈیم لیاری میں آل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ کے انعقاد کا اعلان کیا ،اسٹیڈیم میں موجود شائقین فٹ بال سے خطاب کرتے ہوئے زویر اعلیٰ سندھ نے لیاری میں کھیل کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ انجینئرنگ کالج کے قیام کا عوامی مطالبے پر جلد عمل کرنے کا اعلان کیا اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں بلدیہ اعظمیٰ کراچی کے زیر انتظام پیپلز اسٹیڈم پر گرائونڈ کی خستہ حالی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسٹیڈیم کو عالمی اسٹینڈرز کے مطابق مکمل گراسی کرنے کے احکامات دیئے اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ نے خصوصی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔
اس موقع پر جواں سال وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ میں کھیلوں کے شعبوں کو فعال اور کھلاڑیوں کی تجاویز کو مد نظر رکھتے ہوئے کھیلوں کے میدانوں کو آباد اور کھلاڑیوں کے مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کیا انہوں نے کہاکہ لیاری ہمارا گھر ہے اور ہمیں خوشی ہے لیاری کے نوجوانوں میں کھیلوں کے ہر شعبے میں ٹیلنٹ موجود ہے تقریب میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر ، صوبائی زیر مکیش چائولہ ،اراکین صوبائی اسمبلی جاوید ناگوری ،شاہینہ ناز بلوچ ،سابق مشیر وزیر اعلیٰ سندھ نادیہ گبول ،کمشنر کراچی اعجاز احمد خان اور دیگر موجود تھے۔
جبکہ نظامت کے فرائض معروف اسپورٹس آرگنائزر نیشنل بنک کے اسپورٹس کنسلٹنٹ حاجی غلام محمد خان نے انجام دیئے ۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم حیدری بلوچ کو وننگ ٹرافی اور 5لاکھ روپے کیش ،رنر اپ ٹیم لیاری لیبر ویلفیئر سینٹر کو رنر ٹرافی اور 3لاکھ روپے کیش اور بیسٹ پلیئر رحمن آفریدی کو 25ہزار اور بیسٹ گول کیپر رستم کو 25ہزار روپے کے کیش انعامات سے نوازاقبل ازیں وزیر علیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گرائونڈ میں جاکر فٹ بال بھی کھیلی ان کی لگا ئی جانے والی کک گول کیپر وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر روک نہ سکے اس موقع پر جشن آزادی کی مناسبت سے رنگا رنگ ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا۔ جاری کردہ ۔میڈیا کوارڈینٹر