کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور ایرانی سفیر رسول اسلامی نے ہفتہ کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی، اس دوران کراچی اور تہران چیمبرز کے ذریعے سرمایہ کاری، تجارت اور تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل مہدی سبحانی بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں بالخصوص انرجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انھوں نے ایرانی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ سندھ حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو فراہم کردہ زمین اور دیگر سہولتوں سے فائدہ اٹھائیں۔
ہمارے پاس 40 سے 45 کلومیٹر طویل ونڈ کوریڈور ہے جہاں پر پاک ایران ونڈ پاور لمیٹڈ پہلے ہی50 میگا واٹ کے ونڈ پاور پروجیکٹ پر کام کر رہی ہے مگر ہم دیگر ایرانی سرمایہ کاروں کو ونڈ انرجی کے شعبے میں زیادہ سرمایہ کاری کیلیے مزید زمین الاٹ کرنے کے خواہاں ہیں، دونوں ممالک کے لوگوں کے معاشی اور سماجی شعبے میں مفادات کو دیکھتے ہوئے باہمی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ایرانی سفیر رسول اسلامی نے کہا کہ مختلف ایرانی کمپنیاں صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں جبکہ ایرانی تاجر پاکستان سے چاول، گندم اور گوشت درآمد کرنا چاہتے ہیں اور ایرانی حکومت ان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے،ہم مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور تجارت کے حجم میں اضافے کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو بھی موجود تھے۔