کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے پولیس کو کراچی آپریشن میں مزید تیزی لانے اور قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں امن و امان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراطلاعات شرجیل میمن، سیکرٹری داخلہ، آئی جی اقبال محمود اور ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلی نے کہا کہ قیام امن کے لئے پولیس ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے اور مقدس مقامات اور سرکاری اداروں کی سیکیورٹی بھی سخت کی جائے۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ اندرون سندھ اغوا کی وارداتوں کے خاتمے کو یقینی بناتے ہوئے شرپسندوں کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے جبکہ پولیس کو مضبوط بنانے کیلئے جون تک جدید سامان خرید لیا جائے گا۔