کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ دوروں سے زیادہ ہنگامی بنیادوں پر کام کرکے عوام کی داد رسی کریں ،عرصہ دراز سے شہر قائد میں صفائی کا نظام ہے نہ نکاسی آب کا سسٹم ہے ، شہر گندگی کا ڈھیر بناہوا دیکھائی دیتاہے۔
بارش کے پانی سے سڑکیں تالاب اور عوام مشکلات کا شکار ہیں ، مستقبل بنیادوں پر انفرااسٹرکچر اور بنیادی سہولتوں پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ،اتوار کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں عوامی نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ حکمران اقتدار ملتے ہی عوام کو بھول جاتے ہیں انتخابات کے دوران عوام سے کیے گئے کسی وعدے کو پورا نہیں کرتے۔
انہوںنے کہاکہ مراد علی شاہ نے شہر کا دورہ کیا شہر کی حالت زار دیکھ کرانہیں اندازہ ہوگیاہوگاکہ شہر ی کس حالت میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ، بارش میں نکاسی آب کا سسٹم بھی موجودنہیں،برسات میں گٹر ابلناایک عام سی بات ہے اس کے علاوہ بعض علاقوں میں بارش کے بغیربھی گٹرابل رہے ہوتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی سند ھ میں 7سال سے حکومت کررہی ہے۔
اس کے باوجود شہر قائد میں نہ صفائی کا نظام اور نہ نکاسی آب کا سسٹم ہے متعلقہ اداروں کا عملہ دور دور تک کہیں دیکھائی نہیں دیتا،انہوںنے کہاکہ عوام کی نظریں سندھ کے نومنتخب وزیر اعلیٰ پر لگی ہوئی ہیں کہ وہ شہر کی تعمیر وترقی کیلئے مخلصانہ کوششیں کریں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا بارش میں شہرکے بعض علاقوں کا دورہ ایک اچھا اقدام ہے مگر محض دورے اور فوٹوسیشن کے بجائے شہر میں واٹراینڈ سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے۔
انہوںنے کہاکہ اگر بروقت حکمران اس کی طرف توجہ دیتے تو آج بارش میں عوام یوں اذیت کا شکار نہ ہوتے ،ا نہوںنے کہاکہ مستقبل بنیادوں پر انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولتوں پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔