راولپنڈی (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے۔ آرمی ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر جنرل راحیل شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ آرمی چیف نے ملائیشین چیف آف ڈیفینس سٹاف جنرل تان سری داتو حاجی ذولقی فیلی اور چیف آف ملائیشین آرمی جنرل تان سری راجا محمد آفندی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ آرمی چیف کو ملائیشین آرمی کی پیشہ وارانہ تربیت پر بریفنگ دی گئی۔ عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں ملٹری تعلقات، مشترکہ تربیت اور دفاعی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملائیشین چیف آف ڈیفینس سٹاف اور ملائیشین آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں اور خطے میں قیام امن کی کوششوں کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملائیشیا اور پاکستان کا علاقائی سیکورٹی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے یکساں موقف ہے اور اس امر کے لیے ضروری ہے کہ ہر طرح کی دہشتگردی کو بلاتفریق ختم کیا جائے۔ دونوں افواج کے درمیان طویل مدتی فوجی تعاون کے حوالے ٹرمز آف ریفرنس پر دستخط کیئے گئے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملائیشین وزیر دفاع داتوسری حشام الدین سے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ملائیشن وزیر دفاع نے دفاعی تعاون بڑھانے اور پیشہ ورانہ تربیت سے استفادہ حاصل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔