سندھ (جیوڈیسک) سندھ چیف سیکریٹری سندھ چوہدری اعجاز کہتے ہیں کہ صدرآصف زرداری نے اویس مظفر کو وزیراعلی سندھ بنانے اور انہیں چیف سیکرٹری کے طور پر کام جاری رکھنے کو کہا ہے لیکن بعد میں وہ کہتے ہیں کہ اویس مظفر کا نام ڈراپ کردیا گیا۔انہوں نے یہ بات کہاں اورکیوں کہی۔ حکومت سندھ کے اعلی ترین افسر یعنی چیف سیکریٹری سندھ چوہدری اعجاز کہتے ہیں ، صدر آصف زرداری سے فون پر بات ہوئی ان کا کہنا ہے کہ آپ چیف سیکریٹری سندھ کی حیثیت سے کام جاری رکھیں اویس مظفر ٹپی وزیراعلی ہوں گے۔
میں نے صدر کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔لیکن یہ انہوں نے فیس بک پر لکھا ہے ۔گزشتہ روز انہوں نے یہ بھی اطلاع دے دی کہ اویس مظفر ٹپی کا نام ڈراپ کردیا گیا ہے۔یہی نہیں چیف سیکریٹری سندھ اپنی سیاسی پسندیدگی کا بھی فیس بک پر بھرپوراظہار کرتے نظر آتے ہیں۔ لیکن بات اس وقت کھلی جب پتہ چلاکہ یہ اصل چیف سیکریٹری چوہدری اعجاز نہیں بلکہ کوئی اور ان کے نام سے فیس بک پرجعلسازی کررہا ہے۔
حکومت سندھ کے اعلی افسر کے جعلی فیس بک اکاونٹ سے کون بات کررہا ہے اس بات کی تحقیقات کررہی ہے اب ایف آئی اے،اکاونٹ آپریٹ کرنے والا باقاعدگی سے تصاویرلگاتا ہے اور کمنٹس بھی لکھتا ہے۔سینئر افسران کی بڑی تعداد بھی دوستوں کی فہرست میں شامل ہے اور ان کے خیالات کی تائید بھی کرتی نظر آتی ہے۔فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کے سائبر کرائم سرکل نے چیف سیکریٹری سندھ کی شکایت پر جعلی اکاونٹ آپریٹ کرنے والے کی تلاش شروع کردی ہے۔