کراچی: (جیوڈیسک) نئے چیف سلیکٹر راشد لطیف نے ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں شکست کی وجہ سینئرز کو قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ پرانے کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کا فیصلہ گلے پڑگیا، گرین شرٹس کا حشر بھی آسٹریلیا جیسا ہوا۔
آخری گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز کو غیرمعمولی بیٹنگ نے جتوایا اور ہمیں بیٹسمینوں نے شکست سے دوچار کردیا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ راشد لطیف نے جب نئے چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالیں اسی روز ڈھاکا میں قومی ٹیم ویسٹ انڈیز سے بُری طرح ہار گئی۔
انھوں نے اس شکست کی وجہ نوجوانوں کے بجائے سینئرز کو منتخب کرنے کو قرار دیا، راشد لطیف نے کہا کہ آسٹریلیا نے بھی سینئر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جس کا نتیجہ شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا، یہی ہمارے ساتھ ہوا ہم بھی اسی وجہ سے اس بار سیمی فائنل میں بھی جگہ نہیں بنا پائے۔