کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی کی جانب سے شہر قائد کے علاقے چیل چوک لیاری میں غریب گدھا گاڑی والوں میں راشن بیگز کی تقسیم، غریب اور دیہاڑی دار لوگوں میں کھانے پینے کی اشیاء سمیت دیگرضروریات زندگی کی چیزیں بانٹی گئیں ، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حنیدلاکھانی نے کہا کہ لیاری کراچی کا قدیم علاقہ ہے اور اس علاقے کے لوگوں خوش دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، کچھ عرصہ قبل اس علاقے میں نہایت خون خرابہ ہوتاتھا لیکن یہاں پر امن دیکھ کر نہایت سکون محسوس ہورہا ہے،لیاری میں امن کرانے کا سہرہ یہاں کی عوام اور سیکورٹی فورسز کے سر ہے جنہوں نے جرائم پیشہ اور گینگ وار کا قلع قمع کیا، اس علاقے میں سکون گینگ وار سمیت دیگر جرائم پیشہ لوگوں کے جانے کے بعد آیا ہے، انہوں نے کہا کہ لیاری کے لوگ نہایت امن پسند اور محب وطن ہیں ، اس علاقے میں زیادہ تر لوگ غریب ہیں جو روزانہ کی بنیادوں پر کماتے ہیں اورکھاتے ہیں۔
صوبائی حکومت جو بار بار لاک ڈاون لگاتی ہے اور کھولتی ہے اس سے سب سے زیادہ دیہاڑی والے لوگ متاثر ہوتے ہیں ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت ان لوگوں میں راشن بیگز تقسیم کیے ہیں جس کم ازکم ان کا فی الحال گزارہ ہوجائیگا، انہوں نے کہا کہ لیاری کراچی کا ایک بڑا علاقہ ہے اور یہاں کے لوگ بنیادی سہولیات سے سے بھی محروم ہیں ، نہ تو ان کے پاس پینے کا پانی ہے اور نہ ہی یہاں پر کوئی سیوریج کا نظام ہے، سندھ حکومت کی عدم توجہی اور نا اہلی کیوجہ سے لیاری کے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں ، اگر ماضی کودیکھا جائے تو لیاری کے لوگوں نے ہر دفعہ پیپلز پارٹی کے لوگوں کو ووٹ دیکر جتوایا لیکن پیپلز پارٹی کے لوگوں نے ہمیشہ عوام سے جھوٹے وعدے کرنے والی اپنی رسم کو برقرار رکھا اور یہاں کے لوگوں کے لے کچھ نہیں کیا، انہوں نے کہا ہم نے یہاں کے لوگوں کوراشن بیگز پہنچائے ہیں اور جتنا ہوسکے گا ا ن کی مدد کریں گے مستقبل میں بھی ہم سے جو لیاری کے لوگوں کے لیئے جو بن پایا ہم کریں گے، ہمارا کام عوام کے مسائل کو حکومتی لوگوں تک پہنچانا ہے اور ہم ہر جگہ کے عوامی مسائل کو اجاگر کررہے ہیں اور جب تک ہم زندہ ہیں ہم عوامی مسائل کے حل کے لیئے جنگ لڑتے رہیں گے۔