چکن گنیا Chikungunya

Chikungunya

Chikungunya

تحریر : ڈاکٹر چوہدری تنویر سرور
قارئین! جیسے جیسے ہماری طرز زندگی بدلتی جا رہی ہے ایسی ہی نئی نئی بیماریاں بھی جنم لیتی جا رہی ہیں۔چکن گنیا کا نام ہمارے لئے نیا ہے اور بہت کم لوگ اس سے واقف ہیں اسی لئے میں نے آج اس کو اپنا موضوع بنایا ہے۔WHO کے مطابق یہ وائرس چالیس ممالک میں ہو سکتا ہے جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔چکن گنیا بھی ڈہینگی اور زیکا کی طرح کا ایک وائرس ہے جو مچھر کے کاٹنے سے انسانی جسم کو متاثر کرتا ہے ۔اگر کوئی مچھر کسی شخص کو کاٹ لیتا ہے تو اس کی علامات تین سے سات دن میں ظاہر ہوتی ہیں۔اس کی عالمات ڈہینگی کی علامات سے ملتی جلتی ہیں یاد رکھیں اس سے موت واقع نہیں ہوتی اس لئے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے اگر آپ میں اس کی علامات ظاہر ہونا شروع ہو جائیں تو فوراً اپنے قریبی ڈاکٹر یا ہسپتال سے رجوع کریں۔

ڈینگی کی طرح اس میں بھی اسپرین کا استعمال نہ کریں۔عام طور پر مریض ایک ہفتہ میں تندرست ہونا شروع ہو جاتے ہیں لیکن کچھ مریض ایک ماہ تک جوڑوں میں درد محسوس کرتے رہتے ہیں۔چھوٹے بچے اور 65 سال کی عمر سے زیادہ کے لوگ اس سے جلد متاثر ہوتے ہیں اس لئے ان کی حفاظت ضروری ہے۔اس کے عالوہ ایسے افراد جو ذیابیطس،بلڈ پریشر اور دل کے مریض ہوں ان میں رسک بڑھ جاتا ہے ایسے افراد کی بہت زیادہ احتیاط کریں۔اگر آپ کو علامات ظاہر ہوں تو فوراً اپنا بلڈ ٹیسٹ کروائیںاور یاد رکھیں کہ جن علاقوں میں وائرس پھیل چکا ہو جیسا کہ ابھی ملیر کراچی میں یہ وبا پھیلی ہوئی ہے ایسے علاقوں میں سفر کرنے سے اجتناب کریں۔

ابھی تک اس کی کوئی باقاعدہ ویکسین ایجاد نہیں ہوئی لیکن ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کر کے آپ بہت جلد صحت مند ہو سکتے ہیں ۔متاثرہ فرد کے مکمل آرام کی ضرورت ہوتی ہے۔اس کے عالوہ اسے پھلوں کے مشروبات اور پانی کا استعمال کروائیں۔اگر آپ کسی اور بیماری کی ادویات استعمال کر رہے ہیں تو اپنے ڈاکٹر کو اس سے متعلق ضرور بتائیں۔

Chikungunya Virus

Chikungunya Virus

یاد رکھیں کہ متاثرہ مریض کو مچھر دانی میں رکھیں کیونکہ اس سے کوئی دوسرا صحت مند فرد بھی متاثر ہو سکتا ہے اگر متاثرہ شخص کو مچھر کاٹ کر کسی صحت مند شخص کو کاٹے گا تو وہ بھی اس سے بیمار ہو جائے گا۔یوں بیماری کو روکنے میں مشکل ہو گی۔سب سے ضرور چیز ہے کہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھیں۔گھر کی تمام کھانے والی اشیاء کو ڈھانپ کر رکھیں۔ مچھر سے بچے کے لئے گھروں میں سپرے کروائیں۔رات کو سوتے وقت لوشن کا استعمال کریں۔اپنے ارد گرد پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔

علامات:
٭چکن گنیا میں زیادہ تر مریضوں کو سر درد اور تیزبخار ہوتا ہے۔جو104درجہ تک چلا جاتا ہے۔
٭پٹھوں اور جوڑوں میں درد ہوتا ہے۔
٭جہاں جہاں جوڑ ہوتے ہیں ان پر سوجن ہو جاتی ہے۔
٭سرخ دھبے پڑ جاتے ہیں۔
٭سرخ دانے بھی ہو سکتے ہیں۔
٭ مریض انتہائی کمزوری محسوس کرتا ہے۔
٭ مریض آسانی سے سیڑھیاں نہیں چڑھ سکتا۔
٭ مریض کو اٹھنے بیٹھنے میں بھی دقت ہوتی ہے۔
٭ گردن میں اکڑائو۔

Chikungunya Symptoms

Chikungunya Symptoms

اگر آپ میں مندرجہ بالا علامات میں سے کوئی بھی علامت پائی جاتی ہے تو اپنے طور پر گھریلو ٹوٹکے استعمال نہ کریں بلکہ جلد از جلد اپنے داکٹر یا قریبی ہسپتال سے رجوع کریں تاکہ آپ کی بیماری کی تشخیص کر کے جلد از جلد علاج کیا جائے ۔چھوٹے شیر خوار اور پینسٹھ سال سے اوپر کے افراد کا خاص طور پر خیال رکھیں تاکہ وہ اس موذی مرض کا شکار نہ ہو سکیں۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو صحت جیسی نعمت سے نوازے اور ہمیں اس کی قدر کرنے کی توفیق عطا کرے آمین۔

تحریر : ڈاکٹر چوہدری تنویر سرور