پیرمحل (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لئے تحصیل انتظامیہ کی طرف سے چھاپہ مار کارروائی کا سلسلہ جاری ہے مانیٹرنگ کے ذریعے تحصیل بھر میں قائم بھٹہ جات کی نگرانی کررہے ہیں اگر کسی بھی بھٹہ خشت پر کم عمر بچوں سے مشقت کروائی گئی توان ن بھٹہ جات کے مالکان کے خلاف جبری مشقت کے خاتمہ کا قانون 2016 کے تحت ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔
ان خیالا ت کا اظہار حافظ محمد نجیب اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل نے صحافیوں سے گفتگومیں کیا انہوںنے کہا ڈی سی او عامر اعجازاکبر کی ہدایت پر تحصیل بھر میں چھاپہ مار کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور کسی بھی بھٹہ خشت پر کم عمر بچے کی اطلاع پر بھٹہ مالک کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس سلسلہ میں کسی سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کم عمر بھٹہ مزدوربچوں کو قریبی سرکاری سکول میں داخل کرایا جائے اور حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ان کو مفت کتب ، یونیفارم فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بچے ملک وقوم کا مستقبل ہیں اور ان کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہو گا۔