تحریر: رانا اعجاز حسین بچے ہمارا مستقبل ہیں ان کو معاشرے کا بہترین شہری بنانے کے لئے ان کی اعلیٰ تربیت بہت ضروری ہے۔ بچوں کی اخلاقی تربیت بلاشبہ ایک مشکل ترین عمل ہوتا ہے مگر اس ضروری عمل کو مشکل جان کی چھوڑا ہرگز نہیں جا سکتا۔ حکمت عملی اور تحمل مزاجی سے کام لیکر بچوں کی بہترین پرورش و اخلاقی تربیت کی جاسکتی ہے۔ مثلاً کسی فارغ لمحے ہم بچے کو پاس بلائیں، نرمی اور محبت سے اس کی اس عادت کا اس سے ذکر کریں اور اسے بتائیں کہ آئیے مل کر اس عادت سے چھٹکارا حاصل کریں۔ اگر بچہ دست تعاون دراز کرے تو کام آسان ہو جائیگا۔ عادات سے مراد ایسی باتیں ہیں جو ہمارے اندر رچ بس جاتی ہیں اور پھر ان کو بدلنا دشوار ہو جاتا ہے۔ نوجوانوں کی طرح بچے بھی اچھی یا بری باتیں اپنا لیتے ہیں اور جب ہم چاہتے کہ بغیر کسی کوشش کے بری عادت والا بچہ بھی اچھی عادت اپنالے تو ہمیں کامیابی نہیں ہوتی۔
اب دیکھئے ناخن کاٹنا یا بے ہنگم طریقے سے چلنا کوئی سماجی برائی نہیں تاہم ان عادات کی حوصلہ افزائی بھی تو نہیں کی جاسکتی، اسی طرح دوسری عادات ہیں مثلاً دوسروں کے سامنے جانوروںکی طرح کھانا، سب کے سامنے زور زور سے ناک صاف کرنا، بات بے بات کھل کھلاکر ہنسنا، دوسروں کا مذاق اڑانا، یہ سماجی برائیاں ہیں، ان کو دور کرنا ضروری ہے مگر سوال یہ ہے کہ ہم اس میں کس طرح کامیابی حاصل کرسکتے ہیں؟ یقیناا گر کسی برائی کو شروع سے ہی پکڑلیا جائے تو اسے دور کرنا آسان ہوجاتا ہے مگر اس کی طرف ہم مطلقاً توجہ نہیں دیتے اور اگر توجہ دیتے بھی ہیں تو یہ عادات جبر سے چھڑانا چاہتے ہیں حالانکہ جبر سے کوئی بری عادت چھڑائی نہیں جاسکتی بلکہ اس کیلئے خوب سوچ بچار کرنی پڑے گی اور مسئلہ پر خوب غوروخوض کرنا ہوگا۔ عادت کی نوعیت کو جاننا ہوگا۔ جائزہ لینا ہوگا کہ بچے سے اس عادت کو دور کرنے کیلئے ہم نے کیا کیا اقدامات کیے ہیں اگر ہمیں کامیابی نہیں ہوتی تو کیوں نہیں ہوتی اور ہمیں کیا کیا اقدامات اور حکمتیں استعمال کرنا چاہیے۔
ایک شخص نے اپنی بچی کے ساتھ پروگرام بنایا کہ اگر ان میں سے کوئی اردو بولتے وقت غیر مہذب الفاظ یا زبان استعمال کرے تو دوسرا اسے ٹوک دے۔ چنانچہ ایسا ہی ہوتا رہا اور اس کا خاطر خواہ فائدہ ہوا۔ تجارت اور خریدوفروخت میں بھی اگر اس امر کو مدنظر رکھا جائے یعنی ایک دوسرے کو ٹوک دے تو دوسرے کی اصلاح ہوتی ہے اور یہ ایک بڑی سماجی خدمت ہے۔ اگر بچوں کو یہ حق دیا جائے کہ وہ ہماری غلطیوں سے بھی ہمیں آگاہ کرتے رہیں۔ تو بچے کبھی بھی یہ تاثر نہیں لے سکتے نہ لیں گے کہ ان کو خواہ مخواہ ہر وقت ڈانٹ ڈپٹ کی جاتی رہتی ہے اور انہیں موقع ہی نہیں دیا جاتا۔
Childrens Bright Future
ایک شخص نے گندی زبان استعمال کرنے سے بچنے کی ایک انوکھی ترکیب نکالی ، اس نے بچوں کو بھی سمجھایا کہ عام محفل میں کبھی گندی زبان استعمال نہیں کرنا ہوگی۔ ہاں عادی ہونے کی وجہ سے اگر کوئی لفظ زبان پر آجائے تو فی الفور ”چھکڑے” کا غلط استعمال کرو۔ اس طرح سب سے پہلے اس نے غصے کے موقع پر یہی لفظ استعمال کیا مگر اس کا فائدہ یہ ہوا کہ پورے خاندان میں سے یہ عادت جاتی رہی۔ اس سلسلہ میں خاموش مزاح بھی بڑا فائدہ مند ثابت ہوا ہے مثلاً کوئی بچہ یا گھر کا کوئی فرد کھانا کھاتے وقت چپ چپ کی آوازیں نکالتا ہے یا کھانے پر مکھی کی طرح گرتا ہے، بچے سے یہ بری عادات چھڑوانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ خاندان کے لوگ ویسی آوازیں نکالنا شروع کردیں اور خود بھی اس کی طرح کھانے پر ٹوٹ پڑیں گے اور یقینا سب ہنس پڑیں گے تو بچہ زچ ہوکر اس بری عادت سے باز آجائے گا۔ بچوں کو سلام میں پہل کرنے کا عادی بنانا چاہیے۔
آپ صدر دروازے پر اپنا ایک ایسا سکیچ چسپاں کردیں جس میں آپ درد کے مارے کراہ رہے ہوں۔ آپ کا بچہ جو دروازہ زور سے بند کرنے کا عادی ہے نفسیاتی طور پر متاثر ہوگا اور دروازہ آہستگی سے بند کریگا ۔ اگر بچوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے تو بری عادات چھوڑنے کے سلسلے میں یہ چیز ان کیلئے بے حد ممدومعاون ثابت ہو سکتی ہے۔
اگر بچے کو یہ احساس دلایا جائے کہ اب وہ اتنا بڑا ہوچکا ہے اسے یہ بات نہیں کرنی چاہیے تو اس کے نتائج بھی بہتر برآمد ہوسکتے ہیں۔ حتیٰ کہ اگر تین سال کے بچے کو بھی یہ کہا جائے بیٹے تم ابھی بڑے ہوچکے ہو ایسا نہیں کرنا تو یقیناوہ اس سے اچھا اثر لے گا اور جو حرکت کررہا ہے اس سے کنارہ کشی کرلے گا۔ بچے کے ناخن کاٹنے کی کئی ایک وجوہات ہوسکتی ہیں۔ ان میں بور ہونا یا کسی چیز کے حصول کیلئے بے تابی بھی ہے اگر اس کو مسئلہ بنالیا جائے تو اس کے الٹے نتائج بھی برآمدہوسکتے ہیں۔ اس کا ایک حل تو یہ ہے کہ بچے کو ہاتھوں کی خوبصورتی کا احساس دلایا جائے، اسے بتایا جائے کہ ناخن نہ کاٹنے کی وجہ سے اس کے خوبصورت ہاتھ بدصورت ہوجاتے ہیں۔
بچوں میں ایک بری عادت بے ترتیبی کی بھی ہوتی ہے، کھلونے لیتے ہیں ان سے کھیلتے ہیں اور انہیں وہیں چھوڑ کر چلے جاتے ہیں اسی طرح کپڑوں کا معاملہ ہے اگر تو بے ترتیبی بچے کی فطرت کا حصہ ہے تو اسے ختم کرنا مشکل ہے اس عادت پر بچے کو لعنت ملامت کرتے رہنے کا کوئی فائدہ نہیں بچے کو اس کے حال پر چھوڑ دیں اور اس عادت پر نہ کڑھیں۔ اپنے آپ کو کسی کام میں مشغول رکھیں۔ بچے سے بری عادات چھڑوانا وقت چاہتا ہے اسے وقتاً فوقتاً نصیحت کرتے رہنا چاہیے مگر اس کے پیچھے پڑجانا مناسب نہیں۔ ناخن کاٹنے والے بچے کو یہ کہا جاسکتا ہے بیٹا تمہارے ناخن کس قدر خوبصورت ہیں مجھے یہ بڑے پیارے لگ رہے ہیں،اس طرح بچہ وقت پر ناخن کاٹنے کا عادی ہو جائے گا۔
Children Best Upbringing
کپڑے یا کھلونے بچہ بے ترتیبی سے ادھر ادھر رکھ دیتا ہے تو سمجھانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ کہا جائے ”واہ واہ یہ کپڑے کتنے خوبصورت اور صاف ستھرے ہیں یا کھلونے کیسے پیارے ہیں ان کو ترتیب سے صاف جگہ پر رکھنا چاہیے آپ خود انہیں ان کی جگہ پر رکھ دیں تو بچہ اس سے سبق حاصل کریگا ،اور اپنی یہ عادت بدل لے گا۔
بچے بہت پیارے ہوتے ہیں ان کی بہترین تربیت والدین کی زمہ داری اور اولین فرض ہے ، اگر بچوں کی تربیت کی زمہ داری اچھے طور پر نبھائی جائے تو بچے معاشرے میں بہترین مقام پالیتے ہیں،بچوں کی بہترین پرورش کے لیے نا صرف والدین بلکہ گھر کے تمام افراد کو بچوں سے اچھا رویہ رکھنا چاہیے اور اپنے باہمی تنازعات کو بچوں سے کبھی شیئر نہیں کرنا چاہیے یہ ان کے ذہن پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔
اگر ہم کاروباری، دفتری یا دیگر نجی مصروفیات کے باعث بچوں کی بہترین پرورش، ان کی بہترین نگہداشت اور اخلاقی تربیت کے لئے ٹائم ہی نہ دے پائیں تو یہ عمل خطرے سے خالی نہیں، کیونکہ بچوں کا ذہن ہماری شفقت ، محبت کا متقاضی ہوتا ہے اور ان کے ذہن میں بہت سے سوال ہوتے ہیں جو وہ ہم سے شیئر کرنا چاہتے ہیں ، جن کا جواب لے کر وہ اپنی سوچ کی اصلاح چاہتے ہیں ۔ ہمیں چاہئے کہ اپنی مصروفیات سے بچوں کی تربیت اور ان کی اصلاح کے لئے خصوصی ٹائم ضرور نکالیں ، اور بچوں کی اصلاحی نشست میں ایک مناسب ٹائم ضرور دیں۔
Rana Aijaz Hussain
تحریر: رانا اعجاز حسین ای میل: [email protected] رابطہ نمبر:03009230033