بچوں کو بیماریوں سے بچانے والی ویکسین مارکیٹ سے ناپید

Vaccine

Vaccine

کراچی (جیوڈیسک) دواؤں کی ہول سیل مارکیٹ میں بچوں کو خسرہ، ٹائیفائیڈ اور چکن پاکس سے بچانیوالی ویکسین پریورز ٹیٹرا، پریوریکس، روبیلا، میناسویکس، انجریکس، ویکسی گرپ، فلورکس، ٹائپریکس، سیرواریکس کی شدید قلت ہوگئی ہے۔ سرد موسم کے ابتدا میں بچوں کو وبائی بیماریوں سے بچانے والی ویکسین کی مارکیٹ میں ترسیل بند ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق سردیوں میں بچوں میں پھیلنے والی وبائی بیماریاں خسرہ، چکن پاکس، ایم ایم آر اور ٹائیفائیڈ شدت اختیار کررہی ہیں ان بیماریوں میں خسرہ اور چکن پاکس ایک سے دوسرے بچے میں منتقل ہونیوالی وبائی بیماری ہے جو سرد موسم میں تیزی سے منتقل ہوکرصحت مند بچوں کو متاثر کرتی ہے، دوائوں کی مارکیٹ میں خسرہ، چکن پاکس، ممز، روبیلا (ایم ایم آر) کی ویکسین دستیاب نہیں۔

ان جان بچانے والی ویکسین کی عدم دستیابی پر ماہر طب پروفیسر اقبال میمن نے کہا ہے کہ سرد موسم میں بچوں کو متاثر کرنیوالی وبائی بیماریوں کی ویکسین ناپید ہونے سے بچوں کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

خسرے کا مرض سرد موسم کے ابتدا میں شدت اختیارکرتا ہے خسرہ اورچکن پاکس کی بیماری چھوٹے بچوں کو فوراً اپنی لپیٹ میں لیتی ہے، بروقت علاج نہ ہونے پر متاثرہ بچے جان کی بازی ہارجاتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سندھ میں ہرسال خسرہ سے ایک ہزار سے زائد بچے لقمہ اجل بن رہے ہیں جبکہ چکن پاکس سے بھی اموات کی شرح ہولناک ہوجاتی ہے، والدین بچوں کوخسرہ سمیت تمام بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لازمی لگوائیں، سردی میں بچوں کو انفلوائینزا، خسرہ، چکن پاکس، ٹائیفائیڈ جیسی مہلک بیماریوں کا سامنا ہوتا ہے۔

بچوں کے نزلے اور زکام کونظر انداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ کم قوت مدافعت رکھنے والے بچے جلد وائرل انفیکشن کا شکار ہوجاتے ہیں جس سے بچوں میں مختلف امراض جنم لیتے ہیں اوروائرل انفیکشن سے بچوں کو پیچیدگیوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

نمونیا کا مرض بچوں کو سردی سے نہ بچانے سے لاحق ہوتا ہے، دریں اثنا ہول سیل ڈرگ اینڈ کیمسٹ مارکیٹ کے ذرائع کے مطابق بچوں کی بیماریوں کی ویکسین کی گزشتہ کئی ماہ سے مارکیٹ میں ترسیل نہیں کی جارہی، سردیوں میں نزلہ، زکام، کھانسی کے سیرپ اور انہیلرکی بھی قلت پیدا ہوجاتی ہے ، کیونکہ ایفی ڈرین کیمیکل سے تیارکی جانیوالی دوائیں نزلہ، زکام کھانسی کے سیرپ کی مصنوعی قلت بھی پیدا کی جاتی ہے۔