بچے صحت مند کھانوں کی ویڈیو دیکھ کر کھانے کی جانب راغب ہو سکتے ہیں

Healthy Food

Healthy Food

ہالینڈ: کم و بیش تمام ماؤں کی یکساں شکایت ہے کہ ان کے بچے صحت مند غذا کو منہ نہیں لگاتے اور سبزیوں کی جگہ الم غلم چیزیں ہڑپ کرجاتے ہیں۔ اس مشکل کو بچوں کے کوکنگ شوز بہت حد تک حل کرسکتے ہیں۔

جرنل آف نیوٹریشن ایجوکیشن اینڈ بیہویویئر میں ایک مطالعہ شائع ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر بچوں کو ایسے کوکنگ شو دکھائے جائیں جن میں خود ان کے لیے صحتمند کھانے پکائے جاتے ہوں تو اس سے ان کی جانب سے خود ایسا کھانا بنانے یا پکانے کا امکان 2.7 گنا تک بڑھ جاتا ہے۔ اس کے مقابلے میں جن بچوں کو دوسرے پروگرام یا کارٹون دکھائے جائیں تو ان سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

اگرچہ یہ مطالعہ بہت مختصر ہے لیکن اس کی شماریاتی اہمیت موجود ہے۔ ٹل برگ یونیورسٹی کے ماہرین نے 125 ایسے بچوں کو منتخب کیا جن کی عمریں 10 سے 12 برس کے درمیان تھیں۔ والدین کے اجازت سے ہالینڈ کے پانچ اسکولوں کے بچوں کو دس منٹ تک ایسا ٹی وی شو دکھایا گیا جس میں بچوں کے لیے صحتمند کھانا پکانے کا مظاہرہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد بچوں کو پروگرام دیکھنے پر دو طرح کے کھانے پیش کئے گئے یعنی چپس اور نمکین پیٹس وغیرہ تھے یا پھر سیب اور سبزیوں وغیرہ کے ٹکڑے تھے۔

جن بچوں نے صحت بخش کھانے کا پروگرام دیکھا انہوں نے فوری طور پر صحت افزا غذا منتخب کی اور اس کا رحجان دیگر بچوں کے مقابلے میں ڈھائی گنا زیادہ تھا۔ اس تحقیق سے براہِ راست یہ معلوم ہوا کہ اس تدبیر سے خود بچوں کو مفید کھانوں کی طرف لایا جا سکتا ہے۔ اسی تدبیر سے والدین بچوں کو پھلوں اور سبزیوں کی جانب مائل کر سکتے ہیں۔

لیکن اس تدبیر کا ایک فائدہ اور بھی ہے کہ نوعمر کھانا پکانے میں دلچسپی لیتے ہیں جو اگلی زندگی میں انہیں زندگی کے گر اور صبر سیکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

سائنسدانوں نے کہا ہے کہ والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی جان چھڑانے کے لیے بچوں کو فاسٹ فوڈ کھلادیتے ہیں جس سے وہ صحت کے لیے ردی غذا کھانے کے عادی ہوجاتے ہیں۔ اس ضمن میں ضروری ہے کہ والدین اپنی ذمے داری سمجھیں اور بچوں کو درست غذا دینے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔