امریکی ماہرین نے ایک ایسا آلہ تیار کیا ہے جس کی مدد سے بچوں میں پیدا ہونے والی دماغی بیماریوں سے متعلق اہم معلومات اکھٹی کی جاسکیں گی۔ والدین کے لئے بچوں کے رونے کی وجوہات کا سبب بھوک، تکلیف اور بے آرامی ہوتا ہے لیکن سائنسدانوں کو بچے کے رونے سے اسکی صحت سے متعلق معلومات حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ امریکا کی بران یونیورسٹی اور انفینٹ ہاسپیٹل آف روہوڈ نے کمپیوٹر کی مدد سے ایسا آلہ تیار کیا ہے جس سے بچوں کے رونے کی آواز کو جانچا جائے گا۔
ماہرین کو امید ہے کہ اس آلہ کی مدد سے بچوں میں پیدا ہونے والی دماغی بیماریوں اور معذوری کی وجوہات کا پتہ چل سکے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس آلہ کی مدد سے نو مولود میں پیدا ہونے والی دماغی بیماری آٹزم کی وجوہات کا پتہ بھی لگایا جاسکے گا ۔۔ماہرین کے مطابق اس آلہ کی مدد سے بچے کے رونے کی آواز کو دو مراحل میں جانچا جاتا ہے۔ پہلے مرحلے میں رونے کی آواز کو بارہ اعشاریہ پانچ ملی سیکنڈ کے فریمز میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
دوسرے مرحلے میں ہر فریم کو مختلف زاویوں سے جانچا جاتا ہے جن میں آواز کی رفتار، نوعیت اور دیگر عوامل شامل ہوتے ہیں۔ اس عمل سے اسی مختلف پیمانے حاصل ہوتے ہیں جن میں سے ہر ایک کی مدد سے بچے کی صحت کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوتی ہیں۔