ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ جس فلم میں بھی کام کرتے اپنی اسٹار پاور کی وجہ سے کامیاب بنا دیتے ہیں۔ شاہ رخ نے اپنے ایک تازہ انٹرویو میں کہا کہ میں کسی بھی فلم میں کام کروں وہ کامیاب ہو جاتی ہے اور دھڑا دھڑ نوٹ کمانے لگتی ہے۔ شاہ رخ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ آف بیٹ فلم کیا ہوتی ہے؟ آپ مجھے کسی ’’آف بیٹ ‘‘ میں ڈال دیں تو وہ ’’ آن بیٹ ‘‘ ہو جائے گی۔
اداکار نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں میں جس فلم کا حصہ ہوں گا وہ بڑی فلم بن جائے گی کیونکہ میں بڑا فلمی ستارہ ہوں۔ اداکار نے کہا کہ میں اپنی مرضی کرتا ہوں دوسروں کی مرضی پر چلنا میری فطرت نہیں۔ میں ایک بڑا اسٹار ہوں میرے پاس بے پناہ دولت ہے‘ میں مشہور ہوں اور بے شمار ایوارڈز جیت چکا ہوں‘ میں وہ فلمیں کرتا ہوں جو مجھے خوش کریں۔ میں نے را-ون کی کیونکہ میں اپنے بچوں کو خوش کرنا چاہتا تھا۔
میرے والد ہاکی کھیلتے تھے اس لیے میں نے کم بجٹ سے بننے والی فلم چک دے انڈیا کی کیونکہ میرے نزدیک کچھ کرنے کے لیے اس کو کرنے کا جذبہ ہونا ضروری ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ دو مزید آف بیٹ(غیر روایتی) فلموں میں کام کر رہے ہیں جن میں ’’ منین‘‘ اور ’’رئیس‘‘ شامل ہیں۔ شاہ رخ نے کہا کہ اس کی شہرت اس کے کام پر اثر انداز ہو رہی ہے تاہم انھیں کوئی فکر نہیں ہے۔ دوسری طرف سننے میں آ رہا ہے کہ شاہ رخ خان اوور کانفیڈنس کا شاید شکار ہو رہے ہیں اور شاید نئی نسل کے جذبات کو سمجھ نہیں پا رہے ہیں۔