بدین (عمران عباس) اولاد بڑھاپے کی لاٹھی ہوتی ہے مگر ناخلف اولاد نے ایک باب سے جینے کا سہارا ہی چھین لیا ہے، بدین میں ناخلف اولاد نے بوڑھے باپ کی جائیداد ہی ہتھیا لی مال و اسباب چھیننے کے بعد ضعیف باپ کو بھی سڑک پہ پھینک دیا۔
ضعیفی کی اس عمر میں خون کے آنسو رونے والا پینسٹھ سالہ محمد ملاح گائوں وانائی موری کا یہ رہائشی ہے اپنوں کے غموں کا بوجھ ناتواں کاندھوں پہ اٹھائے مارا مارا پھر رہا ہے اسکے چار جوان بیٹوں نے جان سے مار دینے کی دھمکیاں دے کر ڈیڑھ ایکڑ اراضی گھر اور دیگر سامان ہتھیا لیا،متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ اسکے اپنے ہی جگر گوشوں نے اس پہ تشدد کر کے اسکا وجود زخمی کر دیا۔
تشدد کے بعد سب کچھ لوٹ کر اسے گھر سے ہی نکال دیا اور اب وہ زندگی کی سانسیں فٹ پاتھ اور سڑکوں پر انصاف کی بھیک مانگتے گزارنے پہ مجبور ہوں، محمد ملاح نے مزید کہا کہ اولاد بڑھاپے کی لاٹھی ہوتی ہے مگر اسکی ناخلف اولاد نے تو اس سے جینے کا سہارا ہی چھین لیا ہے،بدین پریس کلب کے سامنے بیٹھے محمد ملاح کو 14 دن گزچکے ہیں لیکن خلق خدا میں سے کوئی بھی ایسا شخص موجود نہیں ہے جو اس کے غموں کامرہم بنے اور اس کو اس کا حق دلائے، محمد نے حکومت سندھ اور دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ میری اولاد کی جانب سے دھوکے سے اپنے نام کی جانے والی جائیداد کو مجھے واپس دلایا جائے تاکہ بچی کچی زندگی دربدر ہونے سے بچ جائے۔