بچوں کو ایک مرتبہ سے زائد پولیو ویکسین دینے میں حرج نہیں‘

Polio

Polio

کوئٹہ (جیوڈیسک) بچوں کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ایک مرتبہ سے زائد پولیو ویکسین دینے میں کوئی حرج نہیں کیوں کہ اس سے بیماری کے خلاف ان کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوگا۔

وہ کوئٹہ میں اتوار کے روز ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے جس کے دوران طبی عملے کی سیکورٹی، ویکسینیشن کی افادیت اور متعد بار اس کی ضرورت جیسے موضوعات کو اجاگر کیا گیا۔

پاکستان پیڈی ایکٹرک ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر اقبال میمن کے مطابق پولیو مہم کے دوران ہر راؤنڈ کے دوران پولیو ڈراپ دینے سے بچے کی بیماری کے خلاف قوت مدافعت بڑھتی ہے۔ انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کی سب سے زیادہ پولیو کی شرح پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر دوسرے دن چار سے پانچ بچے اس بیماری کی وجہ سے اپاہج ہورہے ہیں۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل مرزا اظہر نے عام پریکٹیشنر کے اس حوالے سے کردار پر روشنی ڈالی سول ہسپتال کراچی کی ڈاکٹر عائشہ مہناز مہم کے دوران بہتر کوریج کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس بیماری کو ملک سے ختم کیا جاسکے۔

انہوں نے والدین کو نو مہلک بیماریوں کے خلاف ویکسین اپنے بچوں کو دلوانے پر زور دیا۔ پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے سہیل اختر نے کہا کہ وہ مذہبی رہنماؤں کو لوگوں کو پولیو ویکسینز کے لیے قائل کرنے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔