اسلام آباد (جیوڈیسک) انسداد پولیو کے حوالے سے علما و مشائخ کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا جائز ہے، پاکستان میں استعمال ہونے والی پولیو ویکسین میں کوئی خرابی نہیں۔ اسلام آباد میں انسداد پولیو کے بارے میں علما کانفرنس میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے علما اور مشائخ نے شرکت کی۔
اس موقع پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پولیو ویکسین میں کوئی حرام یا مضر صحت چیز شامل نہیں۔ مسلمان والدین کی مذہبی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں۔ علما کا کہنا تھا کہ صحت عامہ کی مہم کی آڑ میں کوئی دوسری سرگرمی درست نہیں۔ ایسے واقعات پر حکومت کارروائی کرے۔