پرانی مغربی کہاوت ہے کہ ہر بچے کی پیدائش پر ماں کا ایک دانت ٹوٹ جاتا ہے۔ اس کہاوت کو آج کی سائنس سچ مان گئی ہے۔ نیویارک یونیورسٹی کی ایک تازہ ترین تحقیق کے مطابق ایسی خواتین جن کے زیادہ بچے ہوں ان کے دانت ٹوٹنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے 18 سے 64 سال کی عمر کی دو ہزار 635 خواتین پر اس سلسلے میں تحقیق کی جس کے نتائج امریکی جرنل آف پبلک ہیلتھ میں شائع ہوئے ہیں۔ تحقیقی نتائج کے مطابق دوران حمل عموماً طور پر خواتین مسوڑھوں کی سوزش کا شکار ہو جاتی ہیں اس بیماری کو “”جنجیویٹس”” بھی کہا جاتا ہے۔ اس میں مبتلا خواتین کے مسوڑھوں سے دوران حمل خون آتا ہے۔ مسوڑھوں کی یہ سوزش بعد ازاں کسی نہ کسی ایک دانت کے ٹوٹنے کا باعث بنتی ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق گو کہ ابھی حمل اور دانتوں کے گرنے کے درمیان تعلق کو جاننے کیلئے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاہم یہ بات ثابت ہے کہ زیادہ بچوں کی ماں بننے والی خاتون کو اپنی دانتوں کی صحت کا خصوصی خیال رکھنا ہو گا ورنہ جتنے بچے پیدا ہوں گے اتنے دانت ہاتھ سے جائیں گے۔