کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکریٹری لیبر حکومت سندھ رشید سولنگی نے کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ کئے بغیر روشن مستقبل کا خواب ناممکن ہے ،بچوں سے مشقت اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے سندھ حکومت موثر پالیسی بنا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپار ک کے زیر اہتمام بچوں کے حقوق سے متعلق منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،سیمینار سے ایڈوکیٹ سپریم کورٹ انیس جیلانی ،ایگزیگٹیو ڈائریکٹر اسپارک سعدیہ حسین ،پروجیکٹ منیجر اسپارک شمائلہ مزمل ،کاشف بجیر،زاہد تھیبو،ضیاء اعوان ،اقبال ڈیتھو ،مصطفی سوہاگ نے بھی خطاب کیا اس موقع پراسکولوں کے طلباء و طالبات نے بچوں کے حقوق سے متعلق تقاریر کی اور ٹیبلو پیش کئے سیمیار سے خطاب میں مقررین نے کہاکہ بچوں کے حقوق کی فراہمی معاشرے میں بسنے والے ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔
بچے معاشرے کا اہم ستون ہیں بہتر مستقبل کے لئے ہمیں اپنے بچوں سے بہتر برتائو کے ساتھ ان کے حقوق کا ضامن بھی بننا ہوگا مقررین نے اپنے خطاب میں اسپارک کی بچوں کے حقوق سے متعلق کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ معاشرے میں سدھار کے لئے بچوں کو اُن کے تمام حقوق جو کہ آئین میں حاصل ہیں انہیں فراہم کرنے کے لئے جدو جہد کو جاری رکھا جائے گا۔