بچوں سے جنسی زیادتی پر پردہ ڈالنے کی کوشش نہیں کی

Pope Benedict sanzdhm

Pope Benedict sanzdhm

روم (جیوڈیسک) سابق پوپ بینیڈکٹ شانزدہم کا کہنا ہے کہ انہوں نے کلیسائے روم کے سربراہ کے طور پر بعض رومن کیتھولک پادریوں کی طرف سے بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات پر پردہ ڈالنے کی کوشش نہیں کی تھی۔ سابق پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے یہ بات کیتھولک چرچ کو درپیش مسائل کے بارے میں کتاب تحریر کرنے والے ایک اطالوی مصنف اوڈیفریڈی کے نام اپنے گیارہ صفحات پر مشتمل خط میں کہی ہے۔ سابق پوپ کے خط کے اقتباسات روم ایک ایک اخبار میں شائع ہوئے تھے۔

سابق پوپ اپنے خط میں لکھا کہ جیسا کہ پادریوں کی جانب سے نابالغوں کے ساتھ غیر اخلاقی حرکتوں کی باتوں پر میں اپنی حیرت اور مایوسی کا ہی اظہار کر سکتا ہوں۔ میں یہ ضرور کہوں گا کہ میں نے اس پر پردہ ڈالنے کی کبھی کوئی کوشش نہیں کی۔ واضع رہے کہ اپنے فرائض سے دستبرداری کے بعد سابق پوپ نے کہا تھا کہ وہ اپنی زندگی کے باقی ایام دنیا سے دور رہ کر، کتب بینی اور عبادت میں وقف کریں گے۔ اسی وجہ سے پوپ کا یہ خط لوگوں کو حیرت میں ڈالنے کا سبب بنا ہے۔

جنسی زیادتی کا شکار بننے والے بچوں کے عزیزوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے سابق پوپ کے بیان کو رد کر دیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ پاپائے روم کی حیثیت سے انہوں نے بچوں کے خلاف جنسی زیادتی کو روکنے کے لیے زیادہ کچھ نہیں کیا۔ یاد رہے کہ پادریوں کے ہاتھوں بچوں کے جنسی زیادتی کا شکار ہونے کے واقعات میڈیا میں 2002 میں آنا شروع ہوئے تھے۔ بوسٹن میں ان واقعات کے منظر عام پر آنے کے بعد کلیسا نے ماضی اور ممکنہ طور پر مستقبل میں پیش آنے والے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے نئے قواعد و ضوابط وضع کئے تھے۔