نیویارک (جیوڈیسک) امریکی ماہرین کے مطابق جو بچے روزانہ 2 سے 6 گھنٹے تک ٹی وی دیکھنے کے عادی ہوتے ہیں وہ زیادہ چربی والی غذائیں جیسے تلے ہوئے چپس یا فرنچ فرائز بھی بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں۔
امریکہ کی مشی گن یونیورسٹی میں ہونے والی ایک تحقیق میں یہ انکشاف سامنے آیا کہ زیادہ ٹی وی دیکھنے کی عادت بچوں کو سست طرز زندگی کا عادی بنا دیتی ہے اور ان کے کھانے پینے کا معیار بھی خراب ہوجاتا ہے جس سے بلوغت کے بعد امراض قلب کے مسائل کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا ہے کہ ٹی وی اشتہارات میں دکھائے جانے والی کھانے کی چیزیں بچے زیادہ استعمال کرنے لگتے ہیں جن میں چینی، نمک اور چربی وغیرہ کا بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سست طرز زندگی کے عادی بچے موٹاپے، بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن میں کمی بیشی جیسے عوارض کے بھی شکار ہوسکتے ہیں۔