سنتیا گو (جیوڈیسک) چلی کے جنگلات میں لگی آگ چار روز بعد بھی نہ بجھائی جاسکی جبکہ خوفناک آگ نے جنگلات سے متصل کچی آبادیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث 11 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چلی کے جنگلات میں لگنے والی آگ تیز ہوائیں چلنے کے باعث بے قابو ہوگئی اور قریبی بستیوں تک جاپہنچی جسے بجھانے کے لئے 5 ہزار سے زائد فائر فائٹرز، شہری دفاع کے رضاکاروں کے علاوہ، فوج ، پولیس کی بڑی تعداد مصروف ہے، آگ بجھانے کے لئے فوجی ہیلی کاپٹروں کی بھی مدد لی جارہی ہے جبکہ چار روز کے دوران خوفناک آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 15 ہو گئی۔
اسپتال ذرائع کے مطابق 500 سے زائد متاثرہ افراد کو طبی امداد دی جارہی ہے حکام کا کہنا ہے کہ جنگلات سے متصل کچی آبادیوں پر مشتمل شہر ویلپرسو کے 10 ہزار افراد بے گھر ہو گئے جبکہ ڈھائی ہزار سے زائد گھر آگ کی نذر ہوئے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اگر ہوائیں چلنے کا سلسلہ نہ رکا تو مزید خاندانوں کے بے گھر ہونے کا خدشہ ہے، دوسری جانب حکام نے ویلپرسو اور قریبی علاقے میں ہنگامی صورتحال نافذ کرتے ہوئے فوج طلب کر کے امدادی کارروائیاں تیز کر دیں۔