چلی (اصل میڈیا ڈیسک) جنوبی امریکی ملک چلی کا ایک فوجی مال بردار طیارہ لاپتہ ہو گیا۔ ہرکیولس سی 130 طیارے پر اڑتیس افراد سوار تھے۔ یہ طیارہ انٹارکٹکا میں واقع چلی ایئر بیس پر لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کے لیے جا رہا تھا۔
چلی فضائیہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے ”ہرکیولس C130 نامی یہ مال بردار طیارہ جنوبی شہر پونٹا ایریناس سے مقامی وقت کے مطابق شام چار بج کر پچپن منٹ پر روانہ ہوا۔ اس پر اکیس مسافر اور عملے کے سترہ افراد سوار تھے۔ روانگی کے تقریباً ایک گھنٹے بعد آپریٹرز کا طیارہ سے رابطہ منقطع ہوگیا۔” اس بیان میں مزید کہا گیا ہے ریسکیو ٹیم لاپتہ طیارے کو تلاش کر رہی ہے۔
چلی فضائیہ نے ٹوئٹر پر ایک نقشہ بھی پوسٹ کیا ہے جس میں لاپتہ ہونے سے قبل طیارے کی ممکنہ لوکیشن کو دکھایا گیا ہے۔
چلی فضائیہ کے چوتھے ایئر بریگیڈ کے جنرل ایڈوارڈو ماسکویرا نے کہا کہ لاپتہ طیارہ اور اس کے مسافروں کا پتہ لگانے کے لیے سرچ اور ریسکیو ٹیموں کی کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رابطہ منقطع ہونے کے وقت طیارہ نے کوئی ایمرجنسی سگنل نہیں دیا تھا۔ ماسکویرا کے بقول ”جس وقت طیارہ لاپتہ ہوا اس وقت تک طیارے نے تقریباً آدھا راستہ طے کرلیا تھا اور پائلٹ کو اس طرح کے پرواز کا کافی وسیع تجربہ ہے۔‘‘
فوجی مال بردار طیارے پر سوار افراد انٹارکٹکا میں واقع پریسیڈینٹے فریئی جارہے تھے جہا ں انہیں چلی کے تیرتے ہوئے ایندھن سپلائی لائن اور دیگر آلات کی جانچ کرنی تھی۔