کہا جاتا ہے کہ ہر چیز کی نقل میں چینی سب سے آگے ہیں اور اس کی دلچسپ مثال اس وقت سامنے آئی جب ایک چڑیا گھر میں افریقی شیر درحقیقت کتا نکل آیا۔ چین کے صوبہ ہنان کے شہر لیوہی کے چڑیا گھر انتظامیہ نے ایک کتے کو شیر بنا کر پیش کر دیا۔ لیکن کچھ ہی دیر میں شیر کی اصلیت ظاہر ہو گئی جب وہ دھاڑنے کی بجائے بھونکنے لگا جس کے بعد معلوم ہوا کہ وہ درحقیقت افریقی شیر نہیں بلکہ تبتی نسل کا کتا ہے جو افریقی شیروں کی طرح بڑے بالوں والا ہوتا ہے۔
اس فراڈ کا بھانڈا اس وقت پھوٹا جب لایو شہر میں ایک خاتون اپنے بیٹے کو چڑیا گھر میں مختلف جانوروں کی آوازیں سنانے کے لئے لائی۔ پنجرے پر افریقی شیر کی تختی لگی ہوئی تھی لیکن اندر بند جانور نے دھاڑنے کی بجائے بھونکنا شروع کر دیا۔ اس انکشاف کے بعد وہاں موجود لوگ مشتعل ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ چڑیا گھر انتظامیہ نے انہیں احمق بنانے کی کوشش کی ہے۔