واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کرونا وائرس کے بارے میں عجیب اور گمراہ کن معلومات پھیلانے کے خلاف چین کو انتباہ کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے ایک چینی عہدیدار کے اس بیان پر اپنا ردعمل دیا ہے جس میں چینی عہدیدار نے الرام عاید کیا تھا کہ کرونا وائرس ایک سازش بھی ہو سکتی ہے۔ اس عہدیدار کا مبینہ سازش کا اشارہ امریکا کی طرف تھا۔
چین کی کمیونسٹ پارٹی کی خارجہ پالیسی کے سربراہ یانگ جیچی کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ کہ یہ وقت گمراہ کن معلومات اور عجیب وغریب افواہیں پھیلانے کا نہیں بلکہ پوری دنیا کو تہہ وبالا کرنے والی مہلک وبا کا مقابلہ کرنے کا ہے۔ ہمیں مل کر اس وباء کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
چینی عہدیدار کے متنازع بیان پر جمعہ کے روز واشنگٹن نے چینی سفیر کو طلب کیا اس پر سخت احتجاج کیا گیا اور چینی عہدیدار کے بیان کی وضاحت طلب کی گئی۔
خیال رہے کہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیئن نے سلسہ وار ٹویٹس میں کہا تھا کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والا کرونا وائرس غیر ملکی طاقتوں کی سازش بھی ہو سکتی ہے۔
چین کے بعد اٹلی اس وباء سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار جب کہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 75 ہزار 536 ہوچکی ہے۔