ووہان (اصل میڈیا ڈیسک) چین میں نمونیہ سے مشابہہ “پُر اسرار بیماری” کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 تک پہنچ گئی ہے۔
صحت کے حکام کے مطابق صوبہ ہوبے کے شہر ووہان میں دسمبر 2019 میں سامنے آنے والی ایک پُر اسرار بیماری کی وجہ سے 4 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اس متعدی بیماری کا سبب ایک نیا کرونا وائرس ہے۔ بیماری نمونیہ سے مشابہہ ہے اور بیماری سے ہلاک ہونے والے چاروں مریضوں کا تعلق ووہان سے ہے۔
آسٹریلیا کے صحت کے حکام نے چین میں وائرس کے پھیلاو سے متعلق جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آسٹریلیا کے ائیر پورٹوں پر کنٹرول کاروائیوں میں اضافہ کر دیا جائے گا۔
اطلاع کے مطابق چین کے ساتھ زیادہ آمدورفت والے ممالک میں سے ہانگ کانگ، جاپان اور جنوبی کوریا جیسے ممالک نے بھی کنٹرول تدابیر کو زیادہ سخت کر دیا ہے۔
امریکہ کے بھی کم از کم تین ائیر پورٹوں پر چین سے آنے والے مسافروں کو ہیلتھ کنٹرول سے گزارنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔