بیجنگ (جیوڈیسک) تائیوان کی وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چین نے جنوبی بحیرۂ چین میں واقع متنازع جزیروں میں سے ایک پر زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نصب کر دیے ہیں۔
تائیوان اور ویت نام بھی اس علاقے کی ملکیت کے دعویدار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی چین کی سمندری حدود سے ملحق خطے میں امن بحال کرنے کے لئے تمام فریقین کو مل کر مشترکہ طور پر کام کرنا چاہیئے اور ایسے اقدامات اٹھانے سے گریز کرنا چاہیئے جو خطے میں مزید تصادم کو فروغ دینے کا باعث بنیں۔
امریکی حکام نے بھی چین کی جانب سے متنازع سمندری حدود میں زمین سے ہوا میں مار کرنے والے جدید میزائل سسٹم نصب کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا سیٹلائٹ سے حاصل کی گئی تصاویر کے مطابق چین نے متنازع علاقے میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے 8 میزائلز لانچز کی 2 بیٹریاں اور ریڈار سسٹم نصب کیا ہے۔
چین نے تائیوان اور امریکا کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اپنی سمندری حدود میں میزائل سسٹم نصب کیا ہے اور یہ کوئی غیر قانونی عمل نہیں ہے۔