نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی دورے سے پہلے سی این این کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں زور دے کر کہا ہے کہ یہ دور ایشیا کا ہے۔
بھارت کبھی چین کے برابر تھا تاہم بھارت اور چین فی الحال ایک رفتار سے ترقی کی راہ پر ہیں، پاکستان سے ہمارا کوئی مقابلہ نہیں۔ انہوں نے کہا ایک وقت تھا جب بھارت کو سونے کی چڑیا کہا جاتا تھا۔ بھارت کو کچھ اور بننے کی ضرورت نہیں ہے، بھارت کا بھارت رہنا ضروری ہے۔
ہم، ہمارا ملک نیچے آیا ہے۔ ہم پہلے جہاں تھے وہاں سے پھسلے ہیں۔ لیکن ایک بار پھر سے ہمیں اوپر جانے کا موقع ملا ہے۔ مودی سے سی این این کے صحافی نے پوچھا تھا کہ کیا بھارت چین بننا چاہتا ہے؟ اس پر مودی نے بالکل صاف کہا کہ نہیں بھارت کو بھارت ہی رہنے کی ضرورت ہے۔
صحافی نے پوچھا کہ کیا انڈیا چین سے جی ڈی پی کے لیول پر مقابلہ کر پائے گا؟ اس پر مودی نے کہا، اگر آپ پانچویں اور 10 ویں صدی کے ڈیٹیل دیکھیں تو پتہ چلے گا کہ بھارت اور چین ایک رفتار سے ترقی کی راہ پر تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر سے ایشیا کا وقت آ گیا ہے۔ وزیراعظم بننے کے بعد مودی امریکہ کو زوردار طریقے سے اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مجھے پکا یقین ہے کہ انڈیا کے لوگوں میں بھرپور ٹیلنٹ ہے۔
ہندو اور مسلمان برابر ملک کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں، ان میں زبردست صلاحیت ہے اور میں مکمل طور پر مصروف عمل ہوں کہ ان کی صلاحیت کے استعمال کے لئے روڈ میپ تیار کیا جائے۔