اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان عظیم دوست اور شراکت دار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عالمی طاقت اور دنیا کی قیادت کرنے والا ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں چین کی دوستی اور تعاون پر فخر ہے۔
چینی صدر شی چن پنگ کی کتاب کے اردو ایڈیشن کی تقریب رونمائی سے خطاب میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ کتاب میں سیاست کے ساتھ عام آدمی کی زندگی کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے تقریب میں شرکت پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کتاب کا موضوع چین کی طرز حکمرانی ہے،جس سے گزشتہ 4 دہائیوں میں ترقی سے متعلق پتا چلے گا، ترقی کے لئے دونوں ممالک کو ثقافتی طور پر قریب آنا ہے، شی چنگ پنگ پاکستان کے بہترین دوست ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ مل کر سی پیک پر کام کرنے پر فخر ہے، منصوبے سے لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی آئے گی۔