گوادر(جیوڈیسک) چین کے صوبے سنکیانگ کا ایک 61 رکنی وفد کمیونسٹ پارٹی کے سیکریٹری جنرل ژانگ چوانگ کی سربراہی میں پیر کے روز صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے دورے پر پہنچ گیا۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وفاقی سیکریٹری پورٹ اینڈ شپنگ خالد پرویز، صوبائی سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی سمیت دیگر وفاقی و صوبائی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ ایک سرکاری اعلامیہ کے مطابق چینی وفد کے سربراہ نے گوادر پورٹ ایریا میں فری زون کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقعے موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چین گوادر میں سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دلچسپی رکھتی ہے۔ دریں اثناء عوامی جمہوریہ چین کے وفد نے بہترین تعلیم اور صحت عامہ سے متعلق ایک تقریب میں شرکت کر تے ہوئے کہا کہ چین گوادر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھر پوراقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر اور کرامے سٹی کے درمیان جڑواں شہر قرار دیے جانے کے تحت سوشل سیکٹر میں بھی معاونت فراہم کرے گی۔
اس کے علاوہ چین گوادر کے 20پرائمری کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کے لیے ہر سال چین بھیجا جائے گا۔اس موقع پر چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین خان جمالدینی نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کی تکمیل کے بعد عالمی کاروباری و تجارتی حوالے سے گولڈن گیٹ وے ثابت ہوگا جہاں بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔