لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب نے پاک چین کاروباری افراد کو گوریلا فائٹرز قرار دے دیا، کہتے ہیں دہشت گردی اور توانائی بحران کو جانتے ہوئے بھی چینی سرمایہ کاری دوستی کی بہترین مثال ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام پاک چین کاروباری مواقع کے موضوع پر ہونے والی کانفرنس میں دونوں ممالک کے اہم کاروباری افراد نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری صرف منافع کے لئے نہیں یہ پورے خطے کی ترقی کا ذریعہ بنے گی ۔ انہوں نے مشکل حالات میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو گوریلا فائٹرز قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی بے مثال ہے لیکن ماضی میں اقتصادی محاذ پر اس دوستی کا عکس نظر نہیں آتا رہا۔ پاک چین اقتصادی راہداری کی کامیاب تکمیل کے لئے ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے۔