چین میں آئی فون کی فروخت کے لیے ایپل کا معاہدہ

China Apple Contract

China Apple Contract

نیویارک (جیوڈیسک) چینی کمپنی چائنا موبائل کے ساڑھے 70 کروڑ سے زیادہ صارفین ہیں اور اس کا شمار ان تین کمپنیوں میں ہوتا ہے جنھیں چینی حکومت کی طرف سے اس مہینے کے اوائل میں فور جی ٹیکنالوجی کا لائسنس دیا گیا ہے۔

ایپل دنیا میں سمارٹ فون کے سب سے بڑے بازار چین میں اپنی مصنوعات کی فروخت کو بڑھانے کے لیے کوشاں تھی لیکن اسے اپنی مخالف کمپنیوں کی جانب سے سخت مقابلے کا سامنا تھا۔

توقع ہے کہ حالیہ معاہدے سے ایپل کی فروخت میں اضافہ ہوگا۔ ایپل کے چیف ایگزیکٹیو ٹم کک نے ایک بیان میں کہا کہ چین ایپل کے لیے ایک بہت ہی اہم مارکیٹ ہے۔ چائنا موبائل کے ساتھ شراکت داری سے ہمیں دنیا کے سب سے بڑے نیٹ ورک کے صارفین کو آئی فون پیش کرنے کا موقع ملا ہے۔

اس سال کے اوائل میں ٹم کک نے اس توقع کا اظہار کیا تھا کہ جلد ہی شمالی امریکہ کی جگہ چین ایپل کا دنیا میں آمدن کا سب سے بڑا ذریعہ ہو گا۔ سمارٹ فون کے سب سے زیادہ صارفین چین میں ہیں جن کی تعداد ایک ارب سے زیادہ ہے۔

حالیہ دنوں میں چین میں آئی فون کے پرانے ماڈل کی فروخت میں کمی آئی تھی کیونکہ صارفین سام سانگ اور دیگر مقامی کمپنیوں کے سستے موبائل فون سیٹ خریدنے لگے تھے۔ چین میں سام سانگ، لینووو اور کول پیڈ کے سمارٹ فون سب سے زیادہ فروخت ہوتے ہیں۔

چین میں ایپل کے آئی فون کی فروخت اس لیے بھی متاثر ہوئی کہ وہاں کی موبائل نیٹ ورک کمپنیاں اپنے صارفین کو آئی فون پر رعایت نہیں دیتی جس کی وجہ سے ایپل کا آئی فون نسبتاً مہنگا پڑتا ہے۔ مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کے لیے ایپل نے اس سال نسبتاً سستا آئی فون پانچ سی متعارف کروایا تھا۔