بیجنگ (جیوڈیسک) چین اور جاپان نے تقریباً 2 سال بعد متنازع جزائر پر بات چیت کے لئے رضامندی کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے چینی صدر اور جاپان کے وزیر اعظم کی ملاقات جلد متوقع ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے ڈیائیو اور سینکاکو جزیروں کی ملکیت کے حوالے سے پیدا ہونے والے تنازعے کو سیاسی، سفارتی اور سیکیورٹی سطح پر بات چیت کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش پر اتفاق کیا ہے۔
اور اس سلسلے میں چینی صدر زی چن پنگ اور جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے کے درمیان ایشیا پیسفک اکنامک کوآپریشن کے اجلاس میں ملاقات متوقع ہے۔ دوسری جانب جاپانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں فریقین سربراہان کی جلد ملاقات کے حوالے سے کوشش کر رہے ہیں تاہم ابھی ملاقات طے نہیں پائی ہے۔
واضح رہے کہ کئی دہائیوں تک جاپان دفاعی اعتبار سے اہمیت کے حامل ان جزائر کو کنٹرول کرتا رہا ہے لیکن گزشتہ چند سالوں سے چین کی جانب سے ان جزیروں پر اپنی ملکیت کے دعوے میں شدت آئی ہے۔