چین (اصل میڈیا ڈیسک) چین کے ہینان صوبے میں مارشل آرٹ کے ایک تربیتی مرکز میں جمعے کے روز آگ لگنے سے کم از کم اٹھارہ افراد ہلاک اور سولہ دیگر زخمی ہوگئے۔
مقامی حکام نے جمعے کے روز بتایا کہ آتش زدگی کا یہ واقعہ صبح تین بجے کے قریب پیش آیا۔ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ حکام نے اس واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ مارشل آرٹ سینٹر کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مقامی حکام آگ لگنے کے اسباب کا پتہ لگارہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ زخمی ہونے والے سولہ میں سے چار افراد کی حالت نازک ہے۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے بیشتر بورڈنگ اسکول کے طلبہ تھے جن کی عمر سات سے سولہ برس کے درمیان تھی۔
حکام نے مارشل آرٹ سینٹر کا نام نہیں بتایا ہے۔
چین میں آتش زدگی کے ایسے واقعات کوئی نئی بات نہیں ہیں۔ حفاظتی ضابطوں پر عمل نہیں کرنے اور غیر معیاری تعمیرات کی وجہ سے وہاں اکثر اس طرح کے ہلاکت خیز حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔
چین میں بدترین آتش زدگی کے واقعات میں سے ایک لیویانگ شہر میں سن 2000میں کرسمس کے روز ایک نائٹ کلب میں پیش آیا تھا۔ اس کلب میں آگ لگنے سے 309 افراد کی موت ہوگئی تھی۔ بیشتر لوگوں کی موت ڈانس ہال میں دھواں پھیل جانے کے بعد دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی تھی کیونکہ ہال سے نکلنے کے لیے صرف دو ایمرجنسی دروازے تھے اور وہاں آگ بجھانے کا کوئی سامان بھی موجود نہیں تھا۔