اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس جیسی خطرناک وبا پر قابو پانے کے لیے ہمسایہ ملک چین کی حکومت کی جانب سے مسلسل طبی آلات کی شکل میں امداد بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔
چین کی وائی ٹی او کارگو ائیر لائن کی پرواز وائی جی 9067 آج صبح 9 بج کر 25 منٹ پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر امدادی سامان کے ساتھ اتری ہے۔
پاکستان میں مہلک کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے چین سے مسلسل طبی آلات بھیجے جا رہے ہیں اور آج چین کے کن منگ ائیر پورٹ سے ٹیسٹنگ کٹس، ماسک اور دیگر طبی سازو سامان لے کر پانچویں کارگو فلائٹ کراچی پہنچی ہے۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق 8 دن میں چین سے طبی امدادی سامان لانے والا یہ پانچواں کارگو ہوائی جہاز ہے، امدادی سامان لے کر یہی کارگو فلائٹ 23، 25، 27 اور 28 مارچ کو بھی کراچی آئی تھی۔
27 مارچ کو طبی سامان لانے والے اس چینی جہاز کا گورنر سندھ عمران اسماعیل نے استقبال کیا تھا۔
واضح رہے کہ چینی حکومت اب کئی لاکھ کورونا ٹیسٹنگ کٹس، این 95 ماسک اور دیگر طبی سازو سامان کراچی بھیج چکی ہے۔